اسلام آباد ائیرپورٹ پر محکمۂ کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے آئی فون، میک بک اور لیپ ٹاپ بیرونِ ملک سے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کلیکٹر بینش رشید اور کسٹمز ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے آئی فون، میک بک، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے 3 مسافروں کو پی آئی اے کے ذریعے اسلام آباد آتے ہوئے روک لیا۔
دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، دو خطرناک دہشت گرفتار
تلاشی کے دوران مسافروں کے سامان سے 106 آئی فون 14، 12 میک بک اور 37 لیپ ٹاپس برآمد ہوئے۔ ملزمان پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 262 کے ذریعے اسلام آباد آرہے تھے۔ برآمد کیے گئے سامان میں ایپل کی گھڑیاں، ائیرپوڈ اور آئی پیڈ بھی شامل ہیں۔
محکمۂ کسٹمز نے برآمد کیا گیا سامان ضبط کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان سے برآمد کیے گئے سامان کو اسمگل کرنے کی غیر قانونی کوشش پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی غیر قانونی طور پر بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، 3 ملزمان گرفتار بھی کیے گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے رواں برس فروری کے دوران 3 مسافروں سے ایک لاکھ 63 ہزار سعودی ریال اور 7250 درہم برآمد کیے جوپاکستانی روپوں میں 80 لاکھ 26 ہزار سے زائد بنتے ہیں۔