اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب انتھونی بلینکن سے رابطہ کیا ہے جس کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی اور مشترکہ مفادات کو فروغ دینے پر کام کیلئے اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی رابطے کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مسئلے کے جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر سیرحاصل گفتگو کی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تشدد سے بچاؤ کیلئے پاکستان کا نقطۂ نظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی برادری سے پر امن افغانستان کی حمایت کیلئے رابطے میں رہیں گے۔
امریکی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ امریکی اقتصادی روابط کا جاری رہنا اہم ہے جبکہ سفارتی مشن کے انخلاء پر بھی بات چیت ہوئی۔
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے شاہ محمود قریشی سے مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان اور امریکا کے مابین سفارتی سطح پر باہمی روابط جاری رکھنے اور انہیں فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کا مثبت کردار اور کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے مگر ہمارا رویہ پھر بھی مثبت ہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا آج سے 6روز قبل کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں بہترین امن چاہتے ہیں، افغان امن عمل میں ہمارا کردار ہمیشہ مثبت رہا۔ آج دنیا افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کا کردار ڈھکا چھپا نہیں ہے، وزیر خارجہ