بنوں: سیکورٹی فورسز نے بنوں چھاؤنی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے چھ خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، دہشت گردوں نے افطار کے بعد علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے مختلف داخلی راستوں سے حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں چھاؤنی کی دیواروں سے ٹکرا دیں جس کے نتیجے میں زوردار دھماکے ہوئے۔
دھماکوں کے باعث مسجد کا کچھ حصہ تباہ ہو گیا جبکہ ایک قریبی مکان کی چھت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام کے مطابق چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے تاہم مزید دہشت گرد علاقے میں موجود ہو سکتے ہیں جن کے خلاف سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شہریوں میں جانی نقصان اور زخمی ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ فورسز علاقے میں مکمل طور پر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔