قصور میں جمعہ کی علی الصبح پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک منی وین، جس میں یہ افراد سوار تھے، رائیونڈ روڈ پر کھارا چوک کے قریب ایک نالے میں جاگری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نیند کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں یہ سانحہ پیش آیا۔
ریسکیو 1122 اور پولیس فورس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو بلھے شاہ ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا۔ حادثے میں ایک خاتون سمیت 8 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ لائبہ، 35 سالہ عمران، 38 سالہ سلیمان، 25 سالہ سنی، 35 سالہ مقصود اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات ایک عام مسئلہ بن چکے ہیں، جہاں ہر روز درجنوں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ان حادثات کی بڑی وجوہات میں لاپرواہی سے ڈرائیونگ، تیز رفتاری، خستہ حال سڑکیں اور ناقص گاڑیاں شامل ہیں۔