کراچی:کرچی کے سب سے بڑی صنعتی ایریا اور کاروباری حب سائٹ کے صنعتکاروں نے انفرااسٹرکچر کی تباہ کن صوتحال، سڑکوں کی بدترین حالت اور بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے خلاف سائٹ لمیٹڈ کے دفتر کے باہر پر امن مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے سائٹ ایریا کے فنڈز کو سڑکوں کی تعمیر، سیوریج کے نظام کی بہتری سمیت دیگربنیادی ضرورتوں کو یقینی بنانے کے لیے استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پرمعروف صنعتکارسراج تیلی، زبیر موتی والا، سلیمان چاولا، فرحان اشرفی، طارق یوسف، عمران سکندر، جاوید بلوانی، سلیم پاریک، یونس بشیر، مجید عزیز، جنید ماکڈاودیگر شامل تھے۔
مظاہرے میں شامل سائٹ کے صنعتکاروں 6مطالبات تھے جن میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ سائٹ ایریا کو مکمل تباہی سے بچایاجائے،سائٹ ایریا کو دیگر صنعتی ایریا کے مساوی حقوق دیے جائیں۔
سائٹ کے انتظام کو سائٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے، سڑکوں کی تعمیر سائٹ ایسوسی ایشن کے نگرانی میں فی الفور شروع کی جائے،سیوریج کا نظام بحال کیا جائے اور سائٹ لمیٹڈ کے بورڈ ممبران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
اس موقع پر سیکریٹری صنعت وتجارت سندھ نے ڈاکٹر نسیم الغنی سہتواور ایم ڈی سائٹ لمیٹڈپرویز بلوچ نے مظاہرین سے رابطہ کیا اور اپنے دفتر میں مظاہرین کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے صنعتکاروں کے مطالبات سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ پیرکے روزوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ سائٹ کے صنعتکاروں کی ملاقات کااہتمام کیا جائے گا جس میں ان کے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔