کراچی: پاکستانی گلوکارہ صنم ماروی نے کہا ہے کہ صوفیانہ کلام پڑھتے یا گاتے ہوئے حالت ناقابلِ بیان ہوجاتی ہے جبکہ کوئی بھی گلوکار معیاری شاعری کے بغیر عوام کے دلوں سے دور رہتا ہے۔
کراچی میں میڈیا نمائندگان سےگفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ صنم ناروی نے کہا کہ جو گلوکار صوفیانہ کلام پر مہارت حاصل کر لیتے ہیں، انہیں عوام بے پناہ محبت سے نوازتے ہیں۔
صوفیانہ کلام کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے گلوکارہ صنم ماروی نے کہا کہ جو لوگ صوفیانہ کلام گاتے یا پڑھتے ہیں، وہ ناکام نہیں ہوتے، انہیں خدا عزت عطا فرماتا ہے۔
گلوکارہ صنم ماروی نے کہا کہ صوفیانہ کلام صرف پاکستان میں مشہور نہیں ہوا بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اسے شہرتِ دوام حاصل ہوئی ہے۔ لوگ صوفیانہ کلام پڑھنے والوں کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلوکاری کے لیے کوئی بھی کلام دیا جائے، میں دل سے گاتی ہوں جس پر پرستاروں کی طرف سے حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ پرستاروں کی حوصلہ افزائی میری کوشش کی کامیابی کا ثبوت ہے۔