کراچی: سندھ میں اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حکومت سندھ کی جانب سے منظور کردہ متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف ہفتہ کو گورنر ہاؤس کے قریب فوارہ چوک پر اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے بلدیاتی قانون کو مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف ان کی جدو جہد اور تیز ہوگی، اپوزیشن کا قافلہ اب رکنے والا نہیں اور اپوزیشن کے رہنما گرفتاریوں اور سیاسی انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو فوارہ چوک پر سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف مشترکہ اپوزیشن کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، پی ٹی آئی سندھ کے صدروفاقی وزیر علی زیدی، جی ڈی اے کے سردار عبدالرحیم، عامرخان، حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، حسنین مرزا نصرت سحر عباسی اور دیگر نے خطاب میں کیا۔
احتجاج میں ایم کیوایم پاکستان۔جی ڈی اے اور تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔کارکنان نے اپنی جماعتوں کے پارٹی پرچم اٹھارکھے تھے۔شرکاء نے بلدیاتی نظام کے خلاف بینرز اٹھارکھے تھے۔
بلدیاتی نظام نامنظور۔نامنظور۔شرکاء نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی۔کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ شہر پاکستان اور صوبے کے بجٹ کو ایک بڑا حصہ دیتا ہے۔ کیا یہ شہر پیپلزپارٹی کی حکومت کے آنے سے پہلے بھی ایسا ہی تھا۔
جمہوریت میں جس کے پاس جتنا مینڈیٹ ہوتا ہے اسکے پاس اتنا ہی اختیار ہوتا ہے۔کوئی جاکر اندرون سندھ کے شہر دیکھے کہ وہاں کتنی ترقی ہوئی۔ بھٹو کے شہر لاڑکانہ کو دیکھیں کہ اسکی کیا حالت ہے۔آئین کے آرٹیکل ایک سو چالیس اے کا تقاضہ ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدرو وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جوائنٹ اپوزیشن کی طرف سے کراچی والوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا، ایک چھوٹے سے نوٹس پر تینوں جماعتوں نے مل کر احتجاج کیا ہے۔
زرداری کا اکاؤ نٹنٹ ہے جس کا نام مراد علی شاہ ہے، یہ چھوٹا ٹریلر ہے، سندھ حکومت نے کالا قانون بنایا ہے.ان سے نہ کچرا اٹھتا ہے، نہ یہ پانی دے سکتے ہیں.ایک دورے پر الزامات لگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول پہلے پرائمری اور سیکنڈری اسکول ٹھیک کردیں پھر ٹیکنالوجی بنائیں۔انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیااعلان ہوا ہے۔سندھ حکومت پانچ ہزار اسکول بند کرنے جارہی ہے۔
جی ڈی اے کے رہنماء اورمسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ کی خاطر جس مشن کے لئے ہم نکلے آج اسکا پہلا مظاہرہ ہے۔میں ایم کیوایم کی لیڈر شپ اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں پی ٹی آکی لیڈر شپ اور کارکنان کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ تین مختلف جماعتوں کے باوجود ہم یہاں اکٹھے موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: 27فروی کو مہنگائی کا حساب لینے عوام پورے پاکستان سے نکلیں گے،بلاول بھٹو