کراچی: سندھ کی نگران حکومت نے عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے صوبے میں پہلی بار موٹر سائیکل ایمبولینس سروس متعارف کروا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے سندھ حکومت کی سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (ریسکیو 1122) کو بائیک ایمبولینسز فراہم کی ہیں جن کی مدد سے 1122 کے رضاکار کم سے کم وقت میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے قابل ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل ایمبولینس کراچی کی تنگ گلیوں اورٹریفک جام کے اوقات میں بھی حادثات یا دیگر صورتوں میں زخمی یا بیمار مریضوں کی بر وقت طبی امداد کو ممکن بنا سکیں گی۔عالمی ادارے کی جانب سے ابتدائی طور پر 25 موٹر سائیکلز دی گئی ہیں۔
موٹر سائیکل ایمبولینسز میں منی میڈیسن کٹ، آگ بجھانے کے آلات، آکسیجن ماسک، ایمرجنسی بیگ، گلوکومیٹر، پولینیک ہارڈ کالر، سی بی آر ماسک، ڈریسنگ کٹ اور نیبولائرز سمیت دیگر طبی سہولیات موجود ہیں جو مریضوں کیلئے اہمیت کی حامل ثابت ہوں گی۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل ایمبولینس کے ذریعے مریض تک 5 سے 8 منٹ میں پہنچنا ممکن ہے جبکہ مریض کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ایمبولینس یا ہسپتال تک پہنچا دیا جائے گا۔ مریضوں کا موقعے پر علاج بھی ممکن ہوسکے گا۔