کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے متعلق کیس میں کمشنر کراچی سے جواب طلب کرلیاہے۔واضح رہے کہ کراچی میں دودھ مقرر کردہ نرخ سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔
بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف پاسبان نے درخواست دائر رکھی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ دودھ کی فی لیٹر قیمت 94 روپے مقرر ہے لیکن شہر میں فی لیٹر دودھ 140 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
پاسبان نے استدعا کی کہ حکام سرکاری نرخ پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔لہٰذا کمشنر کراچی و دیگر کو منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی جائے۔
درخواست میں مزیدکہا گیا کہ دودھ کی سرکاری قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے کمشنر کراچی کو 7 مئی تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ رمضان کی آمد سے قبل ہی ڈیری فارمرز نے کراچی میں دودھ کی فی لیٹر قیمت 130 روپے کردی تھی۔ شہر میں دہی 200 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔