سندھ حکومت کا بڑے شہروں میں گندم کی بلا روک ٹوک آمدورفت کا حکم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

حکومت سندھ کا بڑے شہروں میں گندم کی بلا روک ٹوک آمدورفت کا حکم
حکومت سندھ کا بڑے شہروں میں گندم کی بلا روک ٹوک آمدورفت کا حکم

کراچی:حکومت سندھ نے بڑے شہروں میں گندم کی بلا روک ٹوک آمدورفت کا حکم دے دیا ہے،واضح رہے کہ سندھ حکومت نے فلور ملز میں گندم کی قلت کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد میں گندم کی بلا روک ٹوک آمدورفت کا حکم دیا ہے۔

محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کی فلور ملوں کو گندم پہنچانے والی کسی بھی گاڑی کو محکمہ فوڈ کے عہدیداروں کے ذریعے نہیں روکا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر برائے ساحلی امورمحمود مولوی نے ٹویٹ کیا،جس میں انہوں نے کہا کہ ”الحمد اللہ میری کل کی پریس کانفرنس کے بعد سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے میرے موقف کی تائید کرتے ہوئے کراچی میں گندم کی ضلع بندی کو کھول دیا ہے، مگر اب بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ عناصر گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ گندم کی بلا رکاوٹ ترسیل کی ہدایات جاری کریں تاکہ قیمتیں کم ہوسکیں “۔

واضح رہے کہ اتوار کے روزپریس کانفرنس کے دوران مشیر برائے ساحلی امور محمود مولوی نے بڑے شہروں میں گندم کی بڑھتی قیمتوں پر حکومت سندھ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت فلور ملز اور اس کاروبار سے وابستہ دیگر افراد کو گندم کی عدم فراہمی کی ذمہ دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی نے گندم کے بحران کو جنم دیا ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما صوبے کے ساتھ ناانصافی پر شور کررہے ہیں جبکہ ناانصافی ان لوگوں نے کی تھی جنہوں نے گندم کی خریداری اور اس کی تقسیم کے دوران سرکاری فنڈز کی لوٹ مار کی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما محمود مولوی کا مزید کہنا تھا کہ گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا بھی حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے۔گندم (آٹا) 40 روپے فی کلو کے حساب سے سندھ کو دیا گیا تھا، لیکن یہ صوبے بھر میں 50 روپے فی کلوکے حساب سے فروخت ہورہا ہے۔

Related Posts