کراچی: متعدد سیاسی جماعتوں نے سندھ میں آئندہ ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر اتفاق کیا ہے۔
سیاسی جماعتوں میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ،پاکستان، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) شامل ہیں۔
سندھ کے وزیر بلدیات ناصر شاہ کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تبدیلیوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فریقین کے درمیان غیر معمولی اتفاق رائے سامنے آیا۔ جماعتوں نے انتخابات ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔
ناصر شاہ نے کہا تھا کہ ممبران جماعتوں کی تجاویز اور سفارشات کو اتفاق رائے سے بلدیاتی قانون کا حصہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے تحفظات کو مدنظر رکھا جائے گا اور اتفاق رائے سے فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترمیم شدہ قانون میں بلدیاتی نمائندے کو مزید اختیارات دیے جائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حال ہی میں انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے بعد کیا گیا۔
سندھ کے چار ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ 26 جون کو ہو گی جب کہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں انتخابات 24 جولائی کو ہوں گے۔
مزید پڑھیں:آرٹیکل 63اے پر عدالتی فیصلہ وزیر اعلیٰ کیلئے قابلِ اطلاق نہیں۔حمزہ شہباز