سندھ حکومت نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے سندھ جاب پورٹل قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ نیا جاب پورٹل صوبائی حکومت کے بھرتی کے عمل کے لئے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جس کا مقصد روایتی نظام کی کمیوں کو دور کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نیا نظام ایک موثر اور محفوظ طریقہ کار فراہم کرے گاجو گریڈ 1 سے 15 تک کی جاب پوسٹنگز کو خودکار درخواستوں کے ذریعے منظم کرے گا، درخواست گزاروں کی ٹریکنگ کرے گا اور ریئل ٹائم ڈیٹا اینالٹکس فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ پورٹل سندھ ٹیسٹنگ سروسز کے ساتھ منسلک ہوگا تاکہ کامیاب امیدواروں کے لئے بھرتی کے عمل کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
اے ڈبلیو ایس کلاؤڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، یہ پورٹل ایک صارف دوست انٹرفیس، انتظامی ٹولز اور مضبوط سیکورٹی اقدامات فراہم کرے گا تاکہ درخواست دہندگان کی جمع کرائی گئی معلومات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا جس میں سرکاری خدمات میں ملازمت کے لئے درخواست دینے والے امیدواروں کو 15 سال کی عمر میں نرمی فراہم کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا تھا، “15 سال کی عمر میں نرمی مناسب یا جواز کے مطابق نہیں ہے، جو کئی امیدواروں کے لئے غیر منصفانہ فائدہ پیدا کرتی ہے۔”
عدالت نے مزید کہا کہ اس طرح کی پالیسی سے صوابدید کے ممکنہ غلط استعمال کے دروازے کھل سکتے ہیں، جو بھرتی کے عمل کو متاثر کر سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں حکومت کی مالی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔