کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے صوبائی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے معیشت کو تباہ کرنے کا ٹھیکہ اٹھایا ہے۔
ڈبل سواری اور ٹرانسپورٹ بند کرکے صنعتیں اور کاروبار کھولنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، مزدور اس صورتحال میں کس طرح فیکٹری پہنچ سکتا ہے۔ عوام کو کورونا وائرس کے حوالے کر کے لاک ڈاون کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اورصوبائی وزیر لیبر سمیت پوری کابینہ صرف نوٹیفیکیشن پر چل رہی ہے۔
یہ حکومت سندھ کی بے حسی ہے کہ ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی سے کئی ملازمین کو نکال دیا گیا ہے۔کئی صنعتوں میں مزدوروں کو تنخواہیں نہیں دی گئی،سندھ حکومت کی مزدور دشمن پالیسی کھل کر سامنے آچکی ہے۔
سفید پوش لوگ آج بھی راشن کے لیے پریشان ہیں،ٹائیگر فورس کے آنے سے محکمہ زکوٰۃ میں موجود چور جیالے سامنے آجائں گے، ٹرانسپورٹرز کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
محکمہ صحت کے ملازمین ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان تک مہیا نہیں کیا گیا۔سندھ حکومت کے دعوے بیانات سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں، ایسے اقدامات سے شہریوں میں اشتعال پیدا ہو رہا ہے، حکومت عوام کو خانہ جنگی کی جانب دھکیل رہی ہے۔