کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور کے الیکٹرک کراچی کے لیے ناسور بن چکے ہیں۔کراچی کی صورتحال پر چیف جسٹس نوٹس لیں۔12 سالہ بھاشن اور نوٹیفکیشن آج بارش کے پانی میں تیرتے نظر آئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کو ڈبونے کے ذمہ دار سالگرہ کا کیک کاٹ رہے تھے۔صوبائی وزراء کے غیرذمیدارانہ بیانات عوام کے ساتھ مذاق ہے۔سندھ حکومت اپنی نااہلی کا اعتراف کرے اور عوام سے معافی مانگے۔
شہریوں کے گھروں دکانوں میں پانی جمع ہوچکا ہے۔عوام مشکلات میں ہے صوبائی وزراء حسب روایت سونے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی سڑکیں اور روڈ تالاب بن چکے ہیں۔ورلڈ بینک سے ملنے والے ایک ارب کا حساب بھی عوام کو دیا جائے۔
نالوں کی صفائی اگر ہوتی تو آج شہر میں کشتیاں نہیں چل رہی ہوتی۔کرنٹ لگنے کے واقعات پر کے الیکٹرک کے ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے۔ سندھ حکومت زرداری صاحب کی خوشامدی سے نکل کر شہر کی حالت دیکھے۔سندھ حکومت اپنی 12 سالہ کارکردگی کی طرح کراچی کے روڈ دکھارہی ہے۔چیف جسٹس کراچی کو ڈبونے کا نوٹس لیکر شہریوں کو انصاف فراہم کریں۔
بعد ازاں رکن سندھ اسمبلی و جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کراچی سعید آفریدی نے شہر میں حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال پرسندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی۔ سعید آفریدی کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں میں شہریوں کی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔شہر کراچی میں مون سون کے تینوں اسپیل کی پہلے سے پیشنگوئی تھی۔محکمہ موسمیات کی پہلے سے وارننگ کے باوجود حکومت سندھ نے اقدامات نہیں کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہیں بارش کے پانی میں کئی کئی فٹ ڈوب گئی۔ وزیر بلدیات میڈیا پر جھوٹے بیانات دیتے رہے کہ شہر میں پانی نہیں کھڑا ہوا۔سندھ حکومت کی نااہلی سے ابر رحمت شہریوں کے لیے زحمت میں تبدیل ہوگئی۔12سال کی صوبائی حکومت میں پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو صرف محرومیاں دی ہیں۔ سعید آفریدی نے مزید کہا کہ برساتی نالوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں جانے سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔