سیالکوٹ: پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں بلا اجازت جلسے کی تیاریوں پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے جلسہ گاہ سے سامان ہٹا کر مزاحمت کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار سمیت پی ٹی آئی کے 40 کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاکوٹ میں آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی بغیر اجازت تیاریاں رکوانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری جلسہ گاہ پہنچ گئی اور گراؤنڈ کا گھیراؤ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ گاہ میں پولیس بھاری مشینری کے ساتھ گراؤنڈ کی اکھاڑ پچھاڑ کرنے لگی، سامان ہٹائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار مشینری کے آگے اپنے کارکنان سمیت لیٹ گئے، انہوں نے کہا کہ یہ مشینری ہمارے اوپر سے گزرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حب ڈیم کینال میں شگاف، شہر قائد میں پانی کی فراہمی بند
پولیس جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، بعدازاں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، برگیڈیئر اسلم گھمن، اسجد ملہی، سیعد بھلی، مہر کاشف، بیرسٹر جمشید غیاث، چوہدری شمس سمیت 40 کے قریب پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ جلسے کے لیے سی ٹی آئی گراؤنڈ کے مالکان سے اجازت نہیں لی گئی تھی، مالکان کی رضامندی کے بغیر کسی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، گراؤنڈ میں جلسے کی کال پر مسیحی برادری سراپا احتجاج ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی پی او حسن اقبال نے کہا کہ مسیحی برادری کی جانب سے کہا گیا کہ سیاسی جماعت ہماری جگہ پر جلسہ کررہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔
مزید برآں عثمان ڈار نے گرفتاری کے بعد پولیس وین سے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں آج سیالکوٹ گراؤنڈ سے گرفتار کیا گیا، اس پرزنر وین میں انہوں نے ہمیں ڈالا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں پرزنر وین میں ڈال کر عمران خان کے لیے ہمارے جنون اور جذبے کو قید کرلیں گے۔
AJJ SE HAQIQI AZADI KA AGHAZ HOGIYA! ✌️✌️✌️ pic.twitter.com/x9ler1IMlQ
— Usman Dar (@UdarOfficial) May 14, 2022