وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ 4اپریل کو متوقع ہے جبکہ اسلام آباد میں جلسے کی سب کو اجازت ہے، دھرنے کی کسی کو نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل تحریکِ انصاف کا جلسہ تاریخی ہوگا۔ ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن جمع کرائی ہے۔ یہ لوگ بوکھلائے اور گھبرائے ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو کے آج پاراچنار میں خطاب کیلئے تیاریاں مکمل
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ لوگ کل اسلام آباد آرہے ہیں، اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سری نگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا۔ امن وامان کے قیام کیلئے 15 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
گفتگو کے دوران وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ نے سری نگر ہائی وے کیلئے درخواست دی، جسے ہم نے مسترد کردیا۔ جے یو آئی کے سینیٹر نے کہا کہ ہم قانون کی پاسداری کریں گے۔ حکومت عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اسپیشل برانچ سے اطلاعات ہیں کہ اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ تحریکِ انصاف کی ریلیوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔ 2ہزار رینجرز، 2ہزار ایف سی اور 2 ہزار دیگر اہلکار سری نگر ہائی وے پر سکیورٹی کیلئے تعینات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت سب کو ہے، دھرنے کی کسی کو نہیں۔ اگر جے یو آئی کو کل بھی جلسہ کرنا ہے تو نئی درخواست دینا ہوگی۔ انہیں ایچ نائن گراؤنڈ دیا ہے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں اور اراکین کو تحفظ فراہم کریں گے۔