اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے این آر او مانگے جانے کا ثبوت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ قانون سے فرار چاہتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گزشتہ کئی روز سے ہم سے یہ سوال کر رہی تھی کہ این آر او کس نے مانگا؟ جنابِ والا یہ وہ ذرائع اور دستاویزات ہیں جن کے ذریعے حکومتِ وقت سے این آر او طلب کیا گیا۔
پیغام میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر بار پی ایم ایل این (ن لیگ) کی قیادت نے ملک اور قانون سے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیرِ اطلاعات نے جو دستاویزات شیئر کیں وہ پیپلز پارٹی وار ن لیگ کی طرف سے نیب آرڈیننس 1999ء میں تجویز کردہ ترامیم ہیں۔
شیئر کی گئی دستاویز میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے اُن نکات کو واضح کیا ہے جن کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی حکومت اور قانون سے راہِ فرار اختیار کرتے ہوئے نیب قانون میں اپنی مرضی کی ترامیم لانا چاہتی ہیں۔
کئی دنوں سے مسلم لیگ نواز لمیٹڈ ڈیمانڈ کر رھی تھی کہ NRO کس نے مانگا۔ حضور والا یہ ھیں وہ ذرائع اور دستاویزات جن کی وساطت سے NRO مانگا گیا ۔ تاریخ گواہ ھے کہ ھر بار PMLNکی قیادت نے ملک اور قانون سے فرار کا راستہ اختیار کیا ھے pic.twitter.com/EwDxNzezgG
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) August 23, 2020
یہ بھی پڑھیں: نیب نے نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے کمر کس لی