اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز کی میڈیا کو دھمکیاں آزادئ اظہار کے دعووں کو جھوٹا ثابت کرتی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ مریم نوازکی میڈیا پر الزام تراشیاں اور دھمکیاں ان کے اظہار رائے کی آزادی کے دعووں کے جھوٹ اور بہروپ ہونے کا ثبوت ہے۔
پیغام میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز کو وہی میڈیااچھا لگتا ہے جو ان کے گیت گائے۔ ن لیگ کے دورِ حکومت میں قوم ایک اخبار کا چند صفوں پر آنا ابھی تک نہیں بھولی جبکہ پی ٹی آئی جمہوری حقوق کا تحفظ کرے گی۔
وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادئ اظہار کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ہم میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادئ صحافت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ہم میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادی صحافت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) December 15, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل پی ڈی ایم اتحاد کی جانب سے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ تابعدار خان کو جانا ہوگا، کیونکہ اس نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔
مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے 2 روز قبل کہا کہ جعلی تبدیلی کا آغاز مینار پاکستان سے شروع ہوا تھا، آج اسی تبدیلی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے۔
مزید پڑھیں: لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے، مریم نواز