اسلام آباد:شہر اقتدار میں چوروں کے بین الاقوامی گروہ کے سربراہ شیر حسن کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
رات کے اندھیرے میں شہر اقتدار کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں گھس کر وارداتیں کرنے والا سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پیشہ ور شیرحسن افغانی قانون کی گرفت میں آگیا۔
ملزم کے قبضے سے شہریوں کے گھروں سے چوری گیا 1.5ملین روپے سے زیادہ مالیت کی نقدی و سامان برآمد کرلیا گیا ہے،برآمد شدہ سامان میں نقدی،غیر ملکی کرنسی،زیورات،قیمتی پتھر رولیکس اور دیگر قیمتی گھڑیاں،پرفیومز،موبائل فونز کے 36 میموری کارڈ اور لیپ ٹاپ شامل ہیں۔
دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ چوری شدہ اشیاء اور موبائلز فون افغانستان جا کر فروخت کرتا تھا،جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزم کو وفاقی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے،وفاقی پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔