لاہور:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی مبینہ آڈیومنظر عام پر آگئی ہے، جس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید گل زمان نامی شخص سے کہہ رہے ہیں کہ پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے پیمنٹ دیدی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید آڈیو لیک میں مبینہ طور پرچوہدری گل زمان نامی شخص سے بات کر رہے ہیں، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے پیمنٹ دے دی ہے۔
مبینہ آڈیو میں شیخ رشید سے گل زمان نے کہا کہ یہ ٹیلی فون ہے خدا کے بندے، صورتحال دیکھنا بیڑا پار ہو گا انشاء اللّٰہ۔جواب میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے آپ کی وجہ سے بیپر دیا ہے کہ دیکھیں پھر کیا ہونا ہے۔گل زمان کا جواب میں کہنا تھا کہ آپ نے میری وجہ سے بیپر دیا، اللّٰہ پردہ رکھنے والا ہے۔
مبینہ آڈیو میں سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ابھی نکلے نہیں آپ اتنا زبردست الیکشن ہے، جس پر گل زمان نے جواب دیا کہ ابھی نکلتے ہیں پھر آپ کو خبریں دیتے ہیں۔
دوسری طرف جانب مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر جلیل شرقپوری نے کہا کہ شیخ رشید نے بھی کسی کے کہنے پر آڈیو ریکارڈ کرائی، اور یہ عمران خان کا دشمن ہے، میری شیخ رشید سے کوئی جان پہچان نہیں، عمران خان کو کہا تھا کہ علیم خان اس کے ساتھ نہیں ہے اور میری بات سچ ثابت ہوئی۔
جبکہ گل زمان کا مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر کہنا ہے کہ مجھے آج صبح شیخ رشید کی کال ضرور آئی، پیمنٹ سے متعلق بات پر میں نے شیخ رشید کو روک کر کہا آپ کس قسم کی بات کر رہے ہیں، میں آج تک نہ جلیل شرقپوری کو ملا ہوں نہ انہیں کبھی دیکھا۔
گل زمان نے وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ جلیل شرقپوری بھی مجھے نہیں جانتے ہوں گے، مجھے نہیں معلوم شیخ رشید کے دماغ میں کیا چل رہا تھا، پتہ نہیں انہوں نے مجھ سے اس قسم کا سوال کیوں کیا، میرا ان چیزوں سے کوئی لینا دینا نہیں۔
مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے نام سے جو مبینہ آڈیو آئی ہے یہ اُجرتی قاتل رانا ثناء اللہ نے جاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری ایک عظیم، شریف اور دیانتدار شخص ہیں، وہ اللہ اور اُس کے رسول کی ناموس کی حفاظت کرنے والے انسان ہیں۔ میرے نام سے جو آڈیو رانا ثناء اللہ اجرتی قاتل نے جاری کی ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ مبینہ آڈیو لیک رانا ثناء منشیات فروش نے جاری کی ہے جس نے فون کو جوڑ کر ایسی باتیں جاری کیں جس سے کسی ایک شریف آدمی کی عزت کو مجروح کیا جائے۔
مزید پڑھیں:ٹی ایل پی کو صورتحال خراب کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، فواد چوہدری