ٹی ایل پی مظاہرے، شیخ رشید کا قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزارتِ داخلہ کا اہم اجلاس، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ
وزارتِ داخلہ کا اہم اجلاس، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹی ایل پی مظاہروں کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نمائندے بھی شریک تھے۔

شیخ رشید احمد کی زیرِ صدارت اجلاس میں آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس میں مذہبی جماعت (ٹی ایل پی) کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلئیر کرانے پر مبارکباد دی اور شہدائے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ 

اجلاس کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ موٹرویز، جی ٹی روڈ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لئے کلیر کروالی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو اور روات کے علاقوں کو ٹریفک کیلئے کھلوا لیا گیا ہے۔رینجرز نے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہت زبردست کام کیا ہے۔ شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں اور زخمیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کو حراست میں لیے جانے کے بعد سیاسی و مذہبی جماعت کے کارکنان ملک بھر میں سراپا احتجاج ہیں۔ احتجاج کے دوران بے شمار سڑکیں بند کرادی گئیں تاہم پولیس نے بیشتر سڑکیں کھلوا دی ہیں۔

ٹی ایل پی نے 3 روز قبل ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی جس کے نتیجے کے طور پر تحریکِ لبیک کے کارکنان نے جگہ جگہ سڑکیں بند کروانا شروع کردیں۔ متعدد شہروں میں عوام کو آمدورفت کیلئے پریشانی کا سامنا رہا تاہم آج پولیس نے متعدد سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھلوا دیا۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک کے احتجاج کا تیسرا روز، پولیس نے سڑکیں کھلوا دیں

Related Posts