اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے دروازہ توڑ کر سندھ ہاؤس اسلام آباد میں داخلے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی کو سب کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کارکنوں کی سندھ ہاؤس میں داخلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی افسوس ناک بات ہے، یہ پولیس کی کوتاہی ہے اور آئی جی سے کہا ہے کہ ان سب کوگرفتار کریں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کوتاہی اور غیرذمہ داری کی ہے، ان کے خلاف نوٹس لیں، ابھی تو 20 سے 25 دن ہیں، اگر ملک اسی طرح آگے چلتا رہا تو کل پرسوں او آئی سی ہے تو پتہ نہیں کیا ہوگا، یہ تو ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ابھی تو ایک ہزار رینجرز اور طلب کیے اور ملک میں حالات اور زیادہ خراب ہوئے تو 10 سے 15 دن بعد 245 کے تحت فوج بھی طلب کرسکتے ہیں کیونکہ ملک کی سالمیت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشیدگی گلی محلے کی طرف جارہی ہے اور جب کشیدگی گلی محلے کی طرف جاتی ہے تو پھر کارروائی کرنی پڑتی ہے اور میں اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی کی قیادت میں کارکنوں کی سندھ ہاؤس آمد کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ ان کے خلاف انکوائری کر رہے ہیں کہ کیسے پہنچ گئے، یہ غلطی ہوگئی ہے، ان کو وہاں نہیں جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر بہت دکھ ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، تین دفعہ آئی جی اور دو دفعہ سیکرٹری سے بات کی ہے کہ اتنے حساس مسئلے میں یہ ہونا ہے تو ابھی تو پھر 27 تاریخ کو عمران خان اور ان کا دونوں کا جلسہ ہے اور جب دونوں پہنچیں گے تو پھر بڑا کام خراب ہوگا۔
اسلام آباد میں 27 مارچ کو حکومت اور اپوزیشن کے جلسے کی کال پر انہوں نے کہاکہ حکومت جلسے کی کامیابی کے لیے کوشش کررہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں جماعتیں الگ الگ جلسے کریں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ دو الگ جگہوں پر جلسے ہوں لیکن دونوں جماعتیں بضد رہیں تو پھر اچھی بات نہیں ہوگی، میری پوری کوشش ہوگی کہ ایک پریڈ گراؤنڈ میں چلاجائے اور دوسرا ایکسپریس چوک میں چلاجائے تاکہ دونوں اپنے اپنے سیاسی شو کریں۔
انہوں نے کہاکہ کیا ہوتا ہے ابھی بڑے دن باقی ہیں اور 25 کو صورت حال واضح کرنے کی پوزیشن میں ہوں گا۔اپوزیشن کے جلسے کے بارے میں وزیرداخلہ نے کہا کہ ابھی ڈی سی کو ان کی درخواست نہیں آئی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے کارکنان دروازہ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل، شدید نعرے بازی