اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم نے افغان طالبان کو اعتماد میں لے لیا ہے جبکہ سرحد کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے طالبان کو اعتماد میں لے لیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔
گفتگو کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سرحد کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ چمن اور طورخم بارڈر کھلا ہے۔ گزشتہ روز بھی کچھ پاکستانی افغانستان سے وطن واپس آئے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ کھل کر نہیں کہہ سکتا، تاہم اب تک کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغانستان سے ہماری طرف وہ لوگ آتے تھے جنہیں شمالی اتحاد اور دیگر لوگوں سے مسئلہ تھا۔ سرحد پر مہاجرین کی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم ٹی ٹی پی کے لوگوں کو پاکستان کے حوالے نہیں کریں گے، نہ ہی افغان سرزمین دوسروں کے خلاف استعمال کی جاسکتی ہے۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کی موجودہ صورتحال، خواتین کے حقوق اور دیگر امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو افغان سرزمین دوسروں کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹی پی کے لوگوں کو پاکستان کے حوالے نہیں کریں گے۔افغان طالبان