ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں حکمراں سیاسی جماعت نے میدان مار لیا، شیخ حسینہ واجد پانچویں بار وزیراعظم بننے کی پوزیشن میں آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے بنگلہ دیش کے عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے، اس دوران شیخ مجیب الرحمان کی بیٹی شیخ حسینہ واجد کی عوامی لیگ نے 222 نشستیں اپنے نام کرتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹتے ہوئے حکومت سازی پر مشاورت شروع کردی۔
عوامی لیگ کی 222 نشستوں پر کامیابی کے بعد شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے قیام کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔ انتخابات کے دوران کوئی بھی دوسری سیاسی جماعت خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ آزاد امیدواروں نے 63نشستیں جیت لیں۔
بنگلہ دیش الیکشن کمیشن (بی ای سی) کا کہنا ہے کہ بڑی اپوزیشن جماعت جتیا پارٹی 300 کے ایوان میں صرف 11 نشستیں ہی جیتنے میں کامیاب ہوسکی ہے۔ 76سالہ شیخ حسینہ واجد 2009ء سے اب تک مسلسل بنگلہ دیش میں وزیراعظم کا منصب سنبھال رہی ہیں۔
الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والوں کو دہشت گرد جماعتیں قرار دینے والی شیخ حسینہ واجد نے 1986 سے 1988 تک، 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک قائدِ حزبِ اختلاف کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ خالدہ ضیاء کو ان کی بڑی حریف سمجھا جاتا ہے۔