کمسن ترین پاکستانی کوہ پیما نے ایک نیا اعزاز حاصل کر لیا ہے، شہروز کاشف دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کے بعد کے۔ٹو بھی سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہروز کاشف نے آج صبح 8 بج کر 10 منٹ پر دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا جبکہ یہ بات شہروز کاشف کے والد سلمان کاشف نے پاکستانی میڈیا کو بتائی۔
قبل ازیں شہروز کاشف 2 ماہ پہلے ماؤنٹ ایوریسٹ سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔ سلمان کاشف کا کہنا ہے کہ شہروز پاکستان کے وہ کمسن ترین کوہ پیما ہیں جنہوں نے کے ٹو کی چوٹی سر کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
شہروز کاشف کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے کو 11 سال کی عمر سے پہاڑ سر کرنے کا شوق رہا ہے، ہم بھی شہروز کاشف کے اس شوق کے عادی ہوچکے ہیں۔ ان کے اندر پہاڑ سر کرنے کا شوق آفس ٹرپ کے دوران پیدا ہوا۔
پہلی بار شہروز ایک گائیڈ کے ہمراہ پہاڑ پر گئے اور اپنی خواہش پوری کی۔ والد کا کہنا ہے کہ شہروز کاشف نے 1 سال میں 2 مختلف اور دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کی ہیں جو اپنی جگہ ایک الگ اور منفرد ورلڈ ریکارڈ ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ سر کرکے سبز ہلالی پرچم لہرا دیا تھا۔
پاکستانی نوجوان شہروز کاشف نے 2 ماہ قبل دُنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو سر کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ 19 سالہ نوجوان کوہ پیما کی 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی پر یہ دوسری کامیابی تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستانی نوجوان کا اعزاز، دُنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرکے سبز ہلالی پرچم لہرا دیا