کھٹمنڈو: معروف پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف اور نائلہ کیانی خراب موسم کے باعث نیپال کے پہاڑی سلسلے میں پھنس گئے ہیں۔ دونوں نے نیپال کی 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی انا پرنا سر کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق معروف کوہ پیما شہروز کاشف اور نائلہ کیانی نیپال کے پہاڑی سلسلے سے تاحال نہیں نکل سکے۔ الپائن کلب آف پاکستان کا کہنا ہے کہ دونوں کوہ پیما انا پرنا سر کرنے کے بعد بیس کیمپ کی جانب واپس آرہے تھے جب موسم خراب ہوا۔
وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق شہروز کاشف اور نائلہ کیانی تاحال کیمپ فور میں ہی پھنسے ہوئے ہیں۔ نیپال میں موجود دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی انا پرنا اپنے خراب موسم کے باعث جانی جاتی ہے جہاں اس وقت بھی موسم کی صورتحال کافی خراب ہے۔
واضح رہے کہ 1950 سے لے کر 2021 تک انا پرنا سر کرنے کے دوران 191افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔سیکریٹری الپائن کلب کرار حیدری کا کہنا ہے کہ ہم قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ دونوں کوہ پیماؤں کی بحفاظت واپسی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔
پیر کی صبح انا پرنا کی چوٹی سر کرنے والی نائلہ کیانی کے ہمراہ پاکستان کے مشہورومعروف کوہ پیما شہروز کاشف بھی تھے۔ کوہ پیمائی کی اس مہم کے آغاز میں 6 رکنی کوہ پیما ٹیم میں بھارتی کوہ پیما ارجن واجپائی بھی شامل تھے۔
گزشتہ روز نائلہ کیانی نے دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی انا پرنا سر کرکے وطن کا نام روشن کردیا۔ انہوں نے ایڈونچر اسپورٹس میں تاریخ رقم کرکے انا پرنا سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔