اسلام آباد: وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری پر ڈیڈ لاک ختم کرنے اور مناسب اقدام اٹھانے کیلئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے اور حمزہ شہباز کے بطور نئے وزیر اعلیٰ انتخاب پر سیاسی ڈیڈ لاک ختم نہ ہوسکا۔ گورنر عمر سرفراز چیمہ اور وزیر اعظم شہباز شریف دونوں نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو الگ الگ خط لکھ دئیے ہیں۔
مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔وزیر خزانہ نے پیٹرول کی قیمت بڑھانے کا عندیہ دے دیا
ایک جانب گورنر سندھ نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے پر آئینی سوالات اٹھا دئیے جبکہ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز کے بطور وزیر اعلیٰ حلف نہ اٹھانے پر صدرِ مملکت کو ایک مرتبہ پھر خط لکھ چکے ہیں۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں سفارش کی گئی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کیلئے مناسب شخص کی تقرری کی جائے۔ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا تاہم گورنر پنجاب کے مطابق حمزہ شہباز کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہوا۔
گورنر پنجاب نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سفارش کی ہے کہ نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔ گورنر پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس کو رولز کے خلاف ایوان میں داخل کیا گیا۔ اراکینِ اسمبلی کو ووٹ دینے سے روک دیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر آفس کو سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ کبھی موصول ہی نہیں ہوا۔ جو استعفیٰ موصول نہیں ہوا، وہ منظور کیسے کیا جاسکتا ہے؟ واضح رہے کہ گورنر عمر سرفراز چیمہ تاحال سروسز ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں۔