ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت اہم شخصیات نے ووٹ کاسٹ کردیے۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ابھی ووٹ ڈالنے آیا ہوں، سیکورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مناسب ہیں، محنت کریں اور پاکستان کی خدمت کریں، پاکستان کی ترقی کے لیے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ عوام کی خدمت کا موقع دینا اللہ کے ہاتھ میں ہے، آج پاکستان کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے، اس وقت ملک میں دراڑیں اور تقسیم پڑ گئی ہے اس کو ختم کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی حکومت معرض وجود میں آئے گی جو پاکستان میں محبت اور خیر سگالی جذبات کے پھول نچھاور کرے گی، انشاءاللہ ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گا۔
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آبائی گاؤں عبد الخیل ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ووٹ کاسٹ کردیا، جہاں ان کے بیٹے مفتی اسعد محمود ٹانک / ڈی آئی خان حلقہ این اے 43سے امیدوار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان این اے 44 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، سربراہ جے یو آئی کے دوسرے بیٹے اسجد محمود این اے 41 لکی مروت سے میدان میں ہیں۔
نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا، انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 کے پولنگ اسٹیشن ماڈل اسکول ڈورہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔
وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی صبح 8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ووٹ قومی فریضہ ہے ہر ذمہ دار شہری نے ادا کرنا ہے، آزادانہ اور شفاف انتخابات جمہوریت کو مضبوط بناتے ہیں۔
اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھرنے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
مصطفی نواز کھوکھر نے ای 7 پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ امیدواروں کا ایجنٹس اور انتخابی مشینری سے رابطہ کاٹنا زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، کچھ عرصے سے پولیس گردی کا بھی سامنا ہے، جب کہیں سے اطلاع آئے گی دیر ہو چکی ہو گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو اور بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نواب شاہ میں اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کردیے۔
آصفہ بھٹو زرداری اپنی پھوپھی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز اسکول ایل بی او ڈی کالونی پہنچی جہاں انہوں نے اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔
اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں نکلنا ہے اور ووٹ دینا ہے، انشاء اللہ جیت پیپلز پارٹی کی ہی ہوگئی۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔