ریپبلکن پارٹی کی جیت اور ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے 47ویں صدر منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے باہمی تعلقات میں مزید مضبوطی کی امید کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی رہنماؤں نے گزشتہ روز نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی تاریخی فتح پر مبارکباد دی۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا، منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری مدت کے لیے ان کی تاریخی فتح پر مبارکباد۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کی شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے آنے والی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی توقع ظاہر کی۔ دیگر پاکستانی رہنماؤں نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ڈونلڈ ٹرمپ کا ضرور خیر مقدم کرے گا کیونکہ انہیں امریکی عوام نے منتخب کیا ہے۔ ٹی وی پروگرام کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا نے ہمیشہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ملک کے مفادات کا بھی خیال رکھیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کا صدر منتخب ہونے پر امریکی قوم کو مبارکباد دی اور پاک امریکا تعلقات میں بہتری کی امید کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے درمیان دوستانہ مراسم کی وجہ سے پی ٹی آئی ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب کے بعد عمران خان کی رہائی کیلئے پرامید ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اس حوالے سے کوئی اشارہ سامنے نہیں آیا۔