گزشتہ ہفتے بالی وڈ کی معروف اداکارہ شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں۔ 27 جون کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق ان کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی، تاہم پولیس کے مطابق ہر طرح کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے، جس میں اینٹی ایجنگ انجیکشن کے سائیڈ افیکٹ شامل ہیں۔
اس المناک واقعے پر بالی وڈ کی معروف شخصیات نے اپنی رائے کا اظہار کیا، ملیکا شروات نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے مداحوں سے فلرز اور بوٹوکس جیسی مصنوعی زیبائشات سے اجتناب کرنے کی تلقین کی۔
اس ویڈیو میں وہ بغیر کسی فلٹر یا میک اپ کے سامنے آئیں اور صحت مند، قدرتی زندگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فطرت کو اپنانا چاہتی ہیں۔
سیف علی خان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ کرینہ کپور نے میڈیا انٹرویو میں اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹس میں احتیاط پر زور دیا اور کہا کہ وہ بوٹوکس کے خلاف ہیں۔
کرینہ نے کہا کہ میں ایک ایسے انداز میں خود کو محفوظ رکھتی ہوں جو صحت مند ہو اور مجھے خود اچھا محسوس ہو ۔
انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی علاج، خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا، اور مختلف مشغلے ہی ان کی توانائی اور صحت کی کنجی ہیں۔