عالمی سطح پر مشہور اور دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں دو سال کے وقفے کے بعد بادشاہوں کے کھیل پولو کے تین روزہ مقابلے شروع ہوگئے ہیں۔
فیسٹول گذشتہ دو سال کورونا کے باعث منسوخ کیا جاتا رہا لیکن اب 2022 میں حالات بہتر ہونے پر دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ مقامی لوگ اور ملکی و غیرملکی سیاح شدت سے انتظار کر رہے تھے۔
سیکرٹری ٹورازم سپورٹس اینڈ کلچر یوتھ افیئرز اینڈ آرکیالوجی کے پی کے محمد طاہر نے بال پھینک کر فیسٹول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت یوسفزئی، آر پی اوملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال بھی موجود تھے۔
فیسٹیول کے پہلے دن تین میچ کھیلے گئے، پہلا میچ لاسپور (چترال ) اور غذر (گلگت) کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں لاسپور نے 4 کے مقابلے میں غذر کو 15گول سے شکست دی۔
دوسرا میچ گلگت ڈی اور چترال ڈی کے مایبن کھیلا گیا جس میں گلگت ڈی نے چترال کو ہرادیا۔ آج کا اخری میچ سب ڈویژن مستوج (چترال) اور سب ڈویژن یاسین (گلگت) کے مابین کھیلا گیا جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سب ڈویژن مستوج نے چھ کے مقابلے میں 7 گول سے جیت لیا۔
پولو کا یہ روایتی میلہ رنگا رنگ میلہ شندور کے مقام پر سجتا ہے، جو گلگت اور ضلع اپر چترال کی سرحد پر چترال کی سائیڈ پر واقع ہے۔