ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان آنکھوں کی سرجری کیلئے امریکا نہیں گئے بلکہ بھارت میں ایک سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے جاتے نظر آئے ہیں، جس پر سرجری کا معاملہ مشکوک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلائی گئی تھی کہ شاہ رخ خان آنکھوں کی سرجری کیلئے امریکا جانے والے ہیں، جبکہ انہیں ممبئی میں بدھ کی شام کو ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے ریسٹورنٹ میں دیکھا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے عام لباس اور سن گلاسز پہن رکھے تھے جو آج کل ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن گیا ہے۔ ایک ویڈیو میں شاہ رخ خان عقبی گیٹ سے ریسٹورنٹ میں داخل ہوتے نظر آئے۔ فوٹو گرافرز نے کنگ خان کا پیچھا کیا تاہم انہوں نے کسی بات کا جواب نہیں دیا۔
اس کے بعد شاہ رخ خان کو ریسٹورنٹ چھوڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ کچھ ہی روز قبل یہ افواہ پھیلی تھی کہ شاہ رخ خان آنکھوں کی سرجری کیلئے ملک سے باہر جائیں گے، لیکن شاہ رخ خان کی ٹیم نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے جبکہ شاہ رخ خان کو فلموں کی عکسبندی سے فرصت نہیں۔
شاہ رخ خان اپنی اگلی فلم سجوئے گھوش کے ہمراہ کریں گے جس کی شوٹنگ ابھی تک شروع نہیں ہوسکی۔ دی کنگ نامی فلم میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی مختلف کرداروں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔