پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں الیکشن چوری پر اگر درست تحقیقات کی گئیں تو ذمہ دار وزیرِ اعظم عمران خان نکلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیا پولنگ عملے کو اغواء کرنا جرم نہیں؟ آج ڈسکہ الیکشن چوری کرنے والوں سے آج پوچھنے والا کوئی نہیں۔
گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سوال ری پولنگ یا دوبارہ انتخاب کا نہیں، انتخاب تو مسلم لیگ (ن) نے جیت لیا ہے۔ آپ دوبارہ انتخاب بھی کرائیں تو جیت ن لیگ کی ہوگی۔ ووٹ عوام کی امانت ہے جس کا تقدس پامال کیا گیا۔
ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کے وزراء کا احتساب کون کرے گا؟ ملک میں انصاف کے نظام پر آج سوالیہ نشان ہے جبکہ ڈسکہ میں 20 پولنگ اسٹیشنز کے پریزائڈنگ افسران ووٹوں سمیت غائب ہو گئے۔
سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن چوری ہوا ہے جس پر تحقیقات کی ضرور ہے۔ کمیشن اس لیے بنتے ہیں تاکہ مجرموں کی چوری پر پردہ ڈالا جائے۔ براڈ شیٹ کیس سے متعلق بھی کمیشن بن گیا ہے۔ الیکشن چوری کا کھُرا وزیرِ اعظم تک جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈسکہ ضمنی انتخاب، شہید نوجوان کے اہلِ خانہ کو 10 لاکھ کی امداد مل گئی