کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی میں ریکارڈ بارش سے ہونے والے بدترین حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہے، دل خون کے آنسو روتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی بجلی صبح سے نہیں ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، گلیاں پانی سے بھر گئی ہیں اور لوگ ڈوب رہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کراچی کے حوالے سے کہا کہ گٹر ابل رہے ہیں، کچرا بستیاں نگل رہا ہے، مقامی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے بھی اپنے بچپن میں اس شہر کو ایسے ہی تباہ ہوتے دیکھا تھا اور شرم آتی ہے کہ اب ہمارے بچے بھی اس کی بربادی کے گواہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر، ملک کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ سرمایہ دینے والے شہر میں انتظامیہ کی سب سے بڑی ناکامی ثابت ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاش دنیا کے کسی میٹروپولیٹن سے ہی سیکھ لیں اور مصنوعی جھیلیں بنا لیں۔شاہد آفریدی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ ہمارا قصور ہے کہ رہنے کے لیے اس شہر کا انتخاب کیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم یہاں ٹیکس دیتے ہیں تاہم بدلے میں انتظامیہ کون سی ذمہ داری پوری کرتی ہے’۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ کراچی کو کچراچی بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گا۔