وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے آغاز کا اعلان ہوا جس کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کے پی ایل کی لانچنگ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں مشہور و معروف کھلاڑیوں اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔
لانچنگ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا پہلا سیزن رواں برس یکم اپریل سے شروع ہوگا جس میں 6 ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔ کھیلو آزادی کے سلوگن کے تحت کے پی ایل میں ملک بھر سے کھلاڑی شریک ہوں گے۔
کشمیر پریمیئر لیگ میں مظر آباد ٹائیگرز، میر پور رائلز، کوٹلی پینتھرز، راولا کوٹ ہاکس، باغ اسٹالینز اور اوور سیز وارئیرز سمیت 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ شاہد آفریدی کے پی ایل کے پی ایل کیلئے برانڈ ایمبیسیڈر ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم کشمیری نوجوانوں کو کھیلوں کی دنیا میں شامل کر رہے ہیں، کشمیری نوجوانوں کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ویمنز ٹیم بھی شامل کی جائے گی۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے کشمیر کمیٹی پورا تعاون کرے گی۔ پریمیئر لیگ سے دنیا بھر میں کشمیر کا اچھا تشخص اجاگر ہوگا اور دنیا کشمیری قوم کا نیا چہرہ دیکھے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارحانہ بلے باز شاہد آفریدی لنکن پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپسی کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔
آل راؤنڈر شاہد آفریدی حال ہی میں ’لنکن پریمیئر لیگ‘ (ایل پی ایل) میں گال گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، ایونٹ کے پہلے میچ میں مایہ ناز بیٹسمین شاہد آفریدی نے دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تھی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔
مزید پڑھیں: شاہد آفریدی لنکن پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپسی کیلئے روانہ