قومی کرکٹ ٹیم سے موجودہ ٹیسٹ کے دوران آؤٹ سابق کپتانوں نے جھگڑے اور اختلاف کا قصہ ختم کردیا، شاہین آفریدی نے بابر اعظم کو سالگرہ کے موقعے پر مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہین آفریدی نے سابق کپتان بابر اعظم کو سالگرہ کے موقعے پر مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ حال ہی میں دونوں سابق کپتانوں پر کپتانی کے معاملے پر اختلافات کی افواہیں وائرل ہوئی تھیں۔
انگلینڈ کے خلاف رواں ماہ 7 سے 11 اکتوبر کے دوران کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی جس میں بابر اعظم اور شاہین قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ آج شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے شاہین آفریدی اور بابراعظم سمیت 4کھلاڑی ڈراپ کردئیے گئے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ تینوں کرکٹرز کو گھر بھیجنے کا مقصد آرام دینا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے آج زندگی کی 30 بہاریں دیکھ لیں جبکہ کچھ سابق کرکٹرز اور تجزیہ کاروں نے دونوں اہم کھلاڑیوں کو ٹیم سے نکالنے کے معاملے پر تنقید بھی کی ہے۔
سابق کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ میں بابر اعظم کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ آنے والا سال بابر اعظم کیلئے بہت اچھا ثابت ہو۔ سال 2023 کے دوران ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بابراعظم کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔