لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا۔ذرائع کے مطابق لیگی رہنما عطاء تارڑ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا، عطاء تارڑ روزانہ کی بنیاد پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے پارٹی امور پر ہدایات لینے کے لیے ملاقاتیں کرتے تھے۔ عطاء تارڑ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شہباز شریف کے ٹیسٹکا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، جبکہ ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 50 ہزار 694 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 67 ہوگئی۔وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2603 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 18 ہزار 455، سندھ میں 19 ہزار 924، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 155، بلوچستان میں 3 ہزار 74، گلگت بلتستان میں 602، اسلام آباد میں ایک ہزار 326 جبکہ آزاد کشمیر میں 158 کیسز رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب سے کچھ دنوں قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا، جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے تھے، جبکہ اب ان کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔