لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کے خاندان کو پیون، مزدور اور پاپڑ والے کے بعد کباڑی کے نام پر بھی کروڑوں کی رقوم منتقل کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران انکشاف کیا کہ اظہر حسین نامی کباڑی کے نام پر سلمان شہباز کو 1 کروڑ 37 لاکھ 9 ہزار 151 روپے منتقل کیے گئے۔ نیب دستاویزات کے مطابق اظہر حسین مغل گجرانوالہ میں کباڑی کا کام کرتا ہے۔
گجرانوالہ کے کباڑی اظہر حسین کے نام پر شہباز فیملی کو کروڑوں روپے منتقل کیے گئے۔ سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں کباڑی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ سلمان شہباز کو مذکورہ رقوم سوفٹ کوڈ کے ذریعے منتقل ہوئیں۔نیب تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ اظہر حسین کے شناختی کارڈ نمبر سے 3 منتقلیاں ہوئیں۔
کباڑی کے شناختی کارڈ نمبر سے 8 سال قبل ہونے والی 3 ٹرانزیکشنز کروڑوں روپے مالیت کی ہیں جن سے اظہر حسین نے تفتیش کے دوران لاعلمی کا اظہار کیا اور نیب کو آگاہ کیا کہ میں گوجرانوالہ میں کباڑی کا کام کرتا ہوں۔ میرا اِس کروڑوں کے لین دین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) اظہر حسین نامی کباڑی کو منی لانڈرنگ ریفرنس کے دوران گواہ کے طور پر پیش کرے گی۔ قبل ازیں شہباز شریف پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے منظور پاپڑ فروش کے نام پر بھی کروڑوں کی منی لانڈرنگ کی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سابق وزیرِ قانون پنجاب اور ن لیگ کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک پر نالائق ٹولہ مسلط ہے جبکہ کسی گواہ نے شہباز شریف پر کوئی الزام نہیں لگایا۔
لاہور میں 4 روز قبل میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے اپنے تمام اثاثے ڈیکلیئر کردئیے تھے۔
مزید پڑھیں: کسی گواہ نے شہباز شریف پر الزام نہیں لگایا۔رانا ثناء اللہ