اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عمران خان دور کے سابق معاونِ خصوصی اور پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا نام ای سی ایل (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) میں ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ قیادت وفاقی کابینہ نے سابق ترجمان حکومتِ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی جس کی سفارش اسلام آباد حکومت نے کی تھی۔
ضمنی الیکشن نتائج بتا رہے ہیں عام انتخابات اب چند دنوں کی بات ہے، شہباز گل
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے مطالبے کے مطابق عام انتخابات کا اعلان آئندہ چند روز میں ہوجائے گا۔
گزشتہ ماہ ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے دوران شہباز گل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے نتائج کے بعد ملک عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے۔
قبل ازیں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی جانب سے سپرداری کی جزوی درخواست منظور کرتے ہوئے اُن کے زیر استعمال اشیا واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں 6اکتوبر کو پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی سپرداری کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔عدالت نے شہباز گل کی درخواست منظور کرتے ہوئے شناختی کارڈ، عینک، اے ٹی ایم سمیت روزمرہ کی اشیا واپس دینے کا حکم دے دیا۔