کراچی: ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہباز گل بھی اپنے لیڈر کی طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔شہباز گل اپنا قد دیکھے یہ بھٹو شہید کی شخصیت پر بات کرنے چلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آخری وقت میں سیاسی بونے اس قسم کی اوچھی حرکتیں کرتے ہیں۔معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ شہباز گل اور انکے لیڈر کا چل چلا کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جناب کی نوکری اختتام پزیر ہورہی ہے دوسری نوکری تلاش کریں۔ شہید بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ اسلامی دنیا کے عظیم لیڈر تھے۔ شہید محترمہ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور جمہوریت کی خاطر جان کا نزرانہ دیا، ان پر بات کرنے سے پہلے شرم آنی چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے بعد خان اور اسکے ترجمان ہواس باختہ ہوکر گالم گلوچ پر اتر آئے ہیں۔کرائے کے ترجمان ملکی سیاسی تاریخ کو مسخ نہیں کرسکتے۔
آپ جیسے کرائے کے بونوں سے متعلق بات کرنا بھی گوارہ نہیں کرتے۔ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی قوم کے ہیرو ہیں اور پاکستانی قوم انکے لئے عقیدت رکھتی ہے۔
شہباز گِل سیاسی تاریخ سے نابلد ہیں۔جنہیں اپنا شجرہ نسب کا علم نہیں وہ بھٹو خاندان پر بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کی ملک اور جمہوریت کے لئے لازوال قربانیاں ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے ایم پی اے لیاقت خٹک جے یو آئی (ف) میں شامل