اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لانگ مارچ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے مابین ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ حمزہ شہباز کے باہر آنے کا سب سے بڑا نقصان مریم صفدر کو پی ڈی ایم کے ذریعے ہوا۔
پیغام میں ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ ن لیگ کے اراکینِ سینیٹ نے کل سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کوووٹ نہیں دیا اور پی ڈی ایم کا سارا معاملہ خراب کردیا۔ ن لیگ میں یہ اندرونی انتشار ہے کہ گدی نشین کون ہوگا؟َ
معاونِ خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ گدی نشین کی لڑائی میں ابھی تک مریم کے جلسے، استعفے، دھمکیوں اور سینیٹ الیکشن سمیت ہر حکمتِ عملی کو ناکام کردیا ہے۔ لانگ مارچ اب حمزہ اور مریم کے درمیان ہوگا۔
حمزہ شہباز کے باہر آنے کا سب سے زیادہ نقصان مریم صفدر کا براستہ PDM ہوا-ن لیگ کے ممبران نے کل گیلانی کو ووٹ نہیں ڈالا،خراب کر دیا۔PML-N کا اندرونی انتشار کہ گدی نشین کون ہوگا میں ابھی تک مریم کے جلسے،استعیفے،دھمکیاں سینیٹ الیکشن؟سب ناکام-لانگ مارچ اب حمزہ اور مریم کے درمیان ہو گا
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 13, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل مسلم لیگ ن نے پی ڈی ایم کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا ،حمزہ شہباز اور مریم نواز کو اہم ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔
پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف 26 مارچ کو سندھ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن)نے بھی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ پارٹی قیادت نے2 روز قبل حکمت عملی تیار کرنے کیلئے مرکزی اور مقامی سطح کے رہنماؤں سے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کرلیں۔
مزید پڑھیں: لانگ مارچ کیلئے ن لیگ نے حمزہ شہباز اور مریم نواز کو میدان میں اتاردیا