لاہور: کورونا وائرس نے سیاستدانوں کو بھی نہ بخشا، ڈیرہ بگٹی سے رکنِ قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سلمان رفیق اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی اور دیگر اراکینِ اسمبلی کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے جبکہ پاکستان پٹرولیم لمیٹیڈ کے 15 ملازمین نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھروں میں قرنطینہ کر لیا۔
دریں اثناء صوابی سے تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی اپنی اہلیہ، بیٹے اور بہو سمیت کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جبکہ رکنِ اسمبلی و اہلِ خانہ نے خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سلمان رفیق کا کورونا وائرس ٹیسٹ گزشتہ روز کیا گیا، جو مثبت آیا جس کے بعد سابق وزیرِ صحت نے خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔
خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کرنے والے تمام سیاسی عہدیداران اور رہنماؤں نے رشتہ داروں، دوستوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں ترک کردی ہیں جبکہ دو روز قبل ن لیگی رہنما سائرہ افضل تارڑ کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔