ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم جوان کی ریلیز کی تاریخ 2 جون سے آگے بڑھا کر 7 ستمبر تک ملتوی کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے اس خبر کی تصدیق فلم کی ریلیز کے بارے میں کچھ عرصے تک کی جانے والی قیاس آرائیوں کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کی۔
اداکار شبیر رعنا کا طویل علالت کے باعث انتقال
معروف اداکار شاہ رخ خان نے کہا کہ فلم جوان ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز کی جائے گی۔ جوان کی ریلیز میں تاخیر فلم کے بصری اثرات کی وجہ سے بتائی جاتی ہے۔ فلم کی تکمیل میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔
اداکار شاہ رخ خان کی فلم جوان کی پروڈکشن کچھ عرصہ قبل مکمل ہوئی۔ ایک گانے کیلئے شوٹنگ بھارتی شہر ممبئی میں ہوئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جوان ایک ایکشن فلم ہوگی۔
شاہ رخ خان نے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں رومانوی ہیرو کے روپ میں خاصی شہرت حاصل کی ہے تاہم حالیہ برسوں میں شاہ رخ خان نے اپنی شناخت میں ایکشن ہیرو کے طور پر اداکاری کا اضافہ کر لیا ہے۔
فلم جوان کا عنوان بھی فلم بینوں کیلئے دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ ہندی میں جوان کا مطلب سپاہی بھی ہوسکتا ہے۔ 5 سال بعد نئی فلم پٹھان میں بھی اداکار شاہ رخ خان کے کردار کی تعریفیں کی جارہی ہیں۔