اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جرمن ہم منصب ہیکو ماس کی دعوت پر جرمنی کے 2 روزہ دورے کیلئے کل روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی کے 2 روزہ دورے کیلئے کل روانہ ہوجائیں گے۔ جرمنی میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جرمن ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی میں اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ دو طرفہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سیکیورٹی، دفاع، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔
رواں برس پاکستان اور جرمنی کے مابین سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے جرمنی میں مختلف تقاریب منعقد ہوں گی۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورۂ جرمنی اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ایک کڑی ہے۔ جرمن وزیرِ خارجہ نے مارچ 2019ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ آج پاک جرمنی سفارتی تعلقات کے آغاز کو 70 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی آج سفارتی تعلقات کے آغاز کی 70ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک جرمنی سفارتی تعلقات کے آغاز کو آج 70سال مکمل ہو گئے، ڈاکٹر فیصل