اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا فن لینڈ کے وزیرخارجہ، پیکا ہاوسٹو سے ٹیلیفونک رابطہ،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا عالمی وبائی صورتحال اور اس وبا کے معاشی مضمرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے، فن لینڈ کی وزیر خارجہ کو کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور لاک ڈاؤن کے باعث، غریب طبقے کو بھوک سے بچانے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات سے آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وبا نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے لیکن کمزور معیشتوں کے حامل غریب ممالک پر پڑنے والا بوجھ ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی صورت حال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے، پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی پر سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ یہ ممالک اپنے محدود وسائل، اس وبا سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے استعمال میں لا سکیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے شہری گذشتہ 9 ماہ سے زیادہ عرصہ سے کرفیو کے نام پر بھارتی جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مسلسل کرفیو کے خاتمے اور بھارتی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو بھارت سرکار کے نفرت آمیز رویے سے بچانے کیلئے، عالمی برادری کو آگے بڑھنا ہو گا۔دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وبا سے نمٹنے اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔