اسلام آباد: وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مڈل کلاسز تک اسکول بند 28 اپریل تک بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی اجلاس میں تعلیمی اداروں اور اسکولز کی بندش سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8ویں جماعت تک اسکولز 28اپریل تک بند رہیں گے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 9ویں سے 12ویں جماعت تک کورونا ایس او پیز کے تحت معمول کے مطابق کلاسز جاری رہیں گی۔ متاثرہ علاقوں میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی جبکہ امتحانات کے شیڈول میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔ نویں اور دسویں کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے۔
این سی او سی اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بند رکھی جائیں گی تاہم آن لائن کلاسز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 9ویں سے 12ویں تک کلاسز 19 اپریل سے شروع ہوں گی۔ یونیورسٹیز میں داخلے بھی تاخیر سے ہوں گے۔
وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 28 اپریل کو این سی او سی کا اجلاس ہوگا جس کے دوران کورونا کی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا۔ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ بچوں کی صحت اور کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ جہاں تعلیم جاری رہے گی، وہاں بھی کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملک بھر میں عالمی وبا کورونا کی تیسری لہر کے سنگین صورتحال اختیار کرنے اور اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت والے وارڈز میں 3 ہزار 568 مریضوں کی ریکارڈ تعداد کے باعث پہلے سے توقع تھی کہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
باخبر ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے اسٹینڈنگ کمیٹی پہلے ہی اسکول بند کرنے کی تجویز دے چکی ہے، جبکہ سندھ میں کورونا وباء پنجاب کے مقابلے میں کافی حد تک کنٹرول میں رہی۔
مزید پڑھیں: ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مکمل لاک ڈاون پر غور شروع