اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امورِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا قابلِ فخر ہے جبکہ اس سطح کی تعلیم حاصل کرنے والوں کو معاشرے کی خدمت کرنی چاہئے۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان طلباء کو اعلیٰ تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ طلباء کو تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔
خطاب کے دوران وزیر تعلیم نے کہا کہ عمران خان نے 50ہزار طلباء کیلئے 5 ارب روپے مختص کیے تاکہ انہیں اسکالر شپ دی جاسکے۔ ڈاکٹریٹ کرکے بھی نوکری نہ ملنا قابلِ غور ہے جبکہ پاکستان میں تحقیقی معیار بہترین ہے۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ ذہین طلباء و طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ قانون کے تحت تمام پاکستانی شہری برابر ہیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ مذہبی آزادی دینا ریاستِ پاکستان کے قوانین کے تحت بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے۔ ہمارا آئین سب کو مساوی حقوق کی فراہمی کا وعدہ کرتا ہے۔ حکومت سب کیلئے حقوق کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی تحقیق کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ اکیسویں صدی میں داخل ہونے کے باوجود پاکستان کے تعلیمی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔