اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے بِل گیٹس کو خط لکھ دیا، سینیٹر رحمان ملک نے بِل گیٹس سے جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ پر کورونا وائرس پر تحقیقاتی کمیشن بنانے پر زور دینے کا مطالبہ کیا۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بِل گیٹس اپنا اثر رسوخ استعمال کرکے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے کورونا وائرس پر تحقیقاتی کمیشن بنوائیں، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ تحقیقاتی کمیشن معلوم کرے کہ کورونا وائرس قدرتی ہے یا بطور حیاتیاتی ہتھیار تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بِل گیٹس نے 2015 میں کئی مواقع پر موجودہ وبائی مرض کورونا وائرس کی پیشنگوئیاں کی تھیں،بِل گیٹس نے بارہا حیاتیاتی دھشتگردی اور ہتھیار کے استعمال کی خدشات کا اظہار کیا تھا، بِل گیٹس نے کہا تھا کہ حیاتیاتی دھشتگردی سے چھ ماہ کے اندر لاکھوں لوگ ہلاک ہوسکتے ہیں۔
بِل گیٹس نے واضح کہا تھا کہ آنے والے وقت میں کروڑ سے زیادہ افراد کی ہلاکت جنگ کے بجائے وائرس سے ہوگی، بدقسمتی سے بین الاقوامی برادری و تنظیموں نے بل گیٹس کے حیاتیاتی دھشتگردی کے متعلق خدشات پر توجہ نہیں دی۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ دہشت گرد گروہ یا کوئی ریاست جینیٹک انجینئرنگ کے ذریعے وائرسوں کو بطور دھشتگردی ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں، کورونا وائرس کوویڈ۔19 کے متعلق مختلف دعوے، قیاس آرائیاں، متنازع نظریات جنم لے چکے ہیں۔
دنیا بھر میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کہیں بطور دھشتگردی ہتھیار تیار تو نہیں تیار کیا گیا ہے،رحمان ملک نے کہا کہ امید ہے بل گیٹس اپنا اثررسوخ استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے کوویڈ۔19 پر تحقیقاتی کمیشن بنانے میں کامیاب ہونگے۔
سینیٹر رحمان ملک نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ الزام تراشی کی سیاست کا خاتمہ کریں، یہ وقت الزام تراشی کا نہیں بلکہ قومی یکجہتی کا ہے تاکہ ملک سے وبا کا خاتمہ ہو،اگر الزام تراشی کی سیاست سے باز نہیں آرہے تو مجھ سے زیادہ گولے کسی کے پاس نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمیں اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام تراشی سے منع کیا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ اس مشکل وقت میں ہم ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہیں،اگلے ہفتے ہزاروں پاکستانی افغانستان سے پاکستان داخل ہونگے،حکومت سے اپیل ہے کہ جو افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو سب کے ٹیسٹ ہوں۔