لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور ایوانِ بالا کی رکن سینیٹر کلثوم پروین کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چند ہفتوں سے کورونا میں مبتلا سینیٹر کلثوم پروین کو طبیعت بگڑنے پر گزشتہ ماہ 28 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال کی تصدیق سینیٹ سیکرٹریٹ نے آج کردی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق ن لیگی سینیٹر کئی ہفتے سے ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی نے ن لیگی سینیٹر کے اہلِ خانہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کلثوم پروین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹ ایک بے حد فعال رکن اور ترقی پسند سوچ کی حامل سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔
صادق سنجرانی کے مطابق سینیٹر کلثوم پروین نے صوبہ بلوچستان میں پسماندہ طبقے کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ان کی آواز ایوانِ بالا تک پہنچائی۔ وہ ایک مخلص اور محنتی سیاستدان تھیں۔
رواں برس کورونا وائرس کے باعث متعدد سیاسی و سماجی شخصیات کا انتقال ہوگیا جن میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیر اعجاز شیرازی، نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک اور مسلم لیگ (ن) کے رکنِ اسمبلی شوکت چیمہ بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل راولپنڈی میں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ سینئر صحافی طارق ملک کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کر گئے تھے۔
کورونا وائرس کا شکار سینئر صحافی طارق ملک طبیعت ناساز ہونے کے باعث کئی روز سے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
مزید پڑھیں: کورونا میں مبتلا سینئر صحافی طارق ملک راولپنڈی میں انتقال کر گئے