اسلام آباد: چیئرمین صادق سنجرانی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات پر سینیٹ کامشاورتی اجلاس آج طلب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے نیب سے متعلق تحفظات پر سیاسی صفوں میں ہلچل مچ گئی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوانِ بالا کا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا جس میں وزیرِ اعظم کے مشیرِ احتساب شہزاد اکبر بھی شریک ہوں گے۔
سینیٹ اجلاس کے دوران نیب قوانین پر مشاورت ہوگی، اپوزیشن کی قرارداد اور تحریکِ التواء پر حتمی فیصلہ بھی کیا جائے گا۔ نیب سے متعلق اپوزیشن کے تحفظات قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کرنے پر بھی حتمی فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے نیب قوانین سے متعلق اپوزیشن کے تحفظات پر مثبت ردِ عمل دیتے ہوئے اپوزیشن کے کچھ مطالبات تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے جسے طرفین کیلئے مثبت اقدام قرار دیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سپریم کورٹ کی جانب سے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر تمام ایڈووکیٹ جنرلز، صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر کوئی جماعت چاہے تو اپنی معروضات جمع کروا سکتی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے صدارتی ریفرنس پر سماعت کی۔ اٹارنی جنرل پاکستان نے کہا ریفرنس میں سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے نہ کرنے کا قانونی سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا آرٹیکل 226 کا اطلاق صرف آئین کے تحت ہونے والے الیکشن پر ہوتا ہے؟
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات، سپریم کورٹ نے ارکان اسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے